Tourism of '' GILGIT BALTISTAN ''
بِسْمِ ٱللَّٰهِ ٱلرَّحْمَـٰنِ ٱلرَّحِيمِ
Go Direct to Topic
Toggle!_ بلاگ لکھنے کا بنیادی مقصد
BASIC PURPOSE OF WRITING THIS BLOG ABOUT GILGIT BALTISTAN _!
یہ بلاگ لکھنے کا بنیادی مقصد پاکستان کی سیاحت کو فروغ دینا، کسی بھی علاقے میں کئے گئے سفر کے متعلق ذاتی تجربے کو شئیر کرنا، پاکستان کے سیاحتی علاقوں کے لوگوں کی مدد کرنا اور گلگت بلتستان سمیت پورے پاکستان کی سیاحت کی خوبصورتی اور اہمیت کو اجاگر کرنا ہے ـ
ہمیں در پیش سیاحتی مسائل پہ ہم تنقید تو ہمیشہ کرتے ہی رہتے ہیں تو کیوں ناں اس بار ہم حکومت پاکستان کو مسائل بتانے کے ساتھ ساتھ ان مسائل کا حل بھی بتائیں – شائد اس وجہ سے بھی ہمارے مسائل پہ کان نہیں دھرے جاتے کہ ہم ٹھیک طریقہ اختیار نہیں کر رہے ۔
چونکہ ہمارا مقصد پاکستان کی ترقی اور خوشحالی ہے تو امید کرتا ہوں کہ آپ اس بلاگ کو نا صرف پورا پڑھیں گے بلکہ اپنے تجربے اور علم کی بنیاد پر اپنے مفید مشورے سے بھی آگاہ کریں گے ـ
تا کہ زیادہ سے زیادہ لوگوں تک آپ کی سوچ اور وطنِ عزیز کے ساتھ محبت کا جیتا جاگتا پیغام ساری دنیا تک پہنچایا جا سکے ؛؛؛
لہٰذا سب سے نیچے دئیے گئے کمنٹ سیکشن میں اپنے خیالات کا اظہار لازمی کریں ؛؛؛ بہت شکریہ
جنت نظیر زمین گلگت بلتستان ؛؛؛
PART OF HEAVEN ON EARTH ” GILGIT BALTISTAN ”
گلگت بلتستان اسلامی جمہوریہ پاکستان کے شمال میں ایک بے حد خوبصورت علاقہ ہے جو اپنی قدرتی حسن اور پرکشش مناظر کے لیے نا صرف پاکستان بلکہ پوری دنیا میں مشہور ہے۔
یہاں کی برف سے ڈھکی پہاڑیاں، ندیاں، جھیلیں، سرسبز باغات اور مقامی ثقافت دیکھنے والوں کو اپنی طرف کھینچ لیتی ہیں۔ گلگت بلتستان میں ہنزہ اور سکردو جیسے مشہور مقامات شامل ہیں جو سیاحوں کے لیے زمین پر موجود کسی جنت سے کم نہیں۔
اس علاقے کی ثقافت اور روایتی تہذیب بھی بہت دلچسپ ہے۔ یہاں کے لوگوں کی مہمان نوازی اور پیار بھری گفتگو دل جیت لیتی ہے۔ گلگت بلتستان کو دیکھنا ہر ایک خوش نصیب کا خواب ہوتا ہے۔
محکمہِ سیاحت گلگت بلتستان کا قیام ؛؛؛
ESTABLISHMENT OF ” GILGIT BALTISTAN ” TOURISM DEPARTMENT
پاکستان گلگت بلتستان میں قائم ہونے والی سیاحت اتھارٹی کی بنیادی ذمہ داریاں درج ذیل ہونی چاہئیں
سیاحتی سرگرمیوں کی پروموشن : اس ڈیجیٹل وقت میں اگر ہم ان تمام سہولیات کا ٹھیک طریقے سے استعمال کریں تو ہم اپنے ملک کی سیاحت کو بہت اعلٰی مقام تک لے جا سکتے ہیں ؛ سیاحتی محکمہ کی ویب سائٹ، یوٹیوب چینل، انسٹاگرام، فیسبک، ٹویٹر اور ہر قسم کے سوشل میڈیا پلیٹ فارم کا صحیح استعمال کر کے اپنے ٹارگٹ کے قریب پہنچا جا سکتا ہے، اس کے علاوہ پوری دنیا میں موجود پاکستانی سفارت خانوں کے ذریعے بھی کمپئین چلا کر وہاں کے لوگوں کو اس متعلق آگاہی دینی چاہئے؛ تاکہ زیادہ سے زیادہ سیاح یہاں کا رخ کریں۔
انٹرنیٹ اور سگنلز کی بحالی نیٹ ورک کے مسئلے کو ترجیحی بنیادوں پہ حل کرنا ، لوگ نادرن ایریاز میں جانے کے بعد ایسے غائب ہو جاتے ہیں کہ جیسے وہ برمودہ ٹرائی اینگل چلے گئے ہوں
سیاحتی مقامات کی ترقی : نئے سیاحتی مقامات کی نشاندہی، ترقی اور بہتری کے لیے منصوبے بنانا اور ان پر عملدرآمد کرنا۔ تا کہ سیاحت کی غرض سے آنے والے لوگ مستفید ہو سکیں ؛ نا کہ ایسا ہو کہ سات دن کے پروگرام میں سے پانچ دن رش میں پھنسے ہوئے ہی گزر جائیں
سیاحتی انفراسٹرکچر کی بہتری : سیاحتی علاقوں میں بہتر انفراسٹرکچر فراہم کرنا، جیسے کہ سڑکیں، ہوٹل، ریسٹورنٹس، اور دیگر سہولیات۔ اور پرائز کنٹرول اتھارٹی کے ذریعے ہوٹل ریسٹورنٹس اور کرایوں وغیرہ کی قیمتوں کو حد سے تجاوز نہ کرنے دینا ؛
سیاحتی معلومات کی فراہمی : سیاحوں کو اپنے آنلائن پلیٹ فارمز اور اپنے دفتر کے زریعے درست اور مفید معلومات فراہم کرنا، جیسے کہ گائیڈ بک، بروشر، اور آن لائن پورٹل، موسم کی صورتحال وغیرہ۔
ماحولیات کا تحفظ : سیاحتی سرگرمیوں کے دوران ماحولیات کی حفاظت کو یقینی بنانا اور قدرتی حسن کو برقرار رکھنا۔ اور صفائی ستھرائی کو چوبیس گھنٹے یقینی بنانا ؛
مقامی ثقافت اور روایات کا فروغ : مقامی ثقافت، روایات اور ہنر کو فروغ دینا اور ان کا تحفظ کرنا تاکہ سیاح ان سے بہتر طور پر واقف ہو سکیں۔ اور مقامی لوگ بھی اس سے فائدہ لے سکیں ؛
حادثات سے بچاؤ کو یقینی بنانا؛
صرف سنہ 2022 میں گوگل رپورٹ کے مطابق گلگت بلتستان میں سات ہزار سے زیادہ روڈ حادثات ہو چکے ہیں جن میں بے شمار قیمتی جانیں ضائع ہو چکی ہیں اور حادثات کا یہ خونی سلسلہ ہر سال کی طرح اب بھی رواں دواں ہے ؛ لہذا ہماری حکومتِ وقت اور آنے والی حکومتوں سے بھی گزارش ہے کہ ہرسال ہونے والے ان بے شمار واقعات کو ختم کرنے کیلئے لازم ہے کے سیاحوں کو ذاتی گاڑیوں پہ آگے بھیجنے کی بجائے محکمہ سیاحت لمبے سفر کیلئے بسوں اور ویگنوں کی فراہمی کرے اور چھوٹے سفر کیلئے پیدل چلنے کے راستے، خچر اور گھوڑوں کی زیادہ تعداد میں فراہمی کو یقینی بنائے ؛
سیکیورٹی اور حفاظتی اقدامات : سیاحوں کی حفاظت اور سیکیورٹی کے لیے موثر اقدامات کرنا، جیسے کہ سیاحتی مقامات پر پولیس کی موجودگی اور ریسکیو سروسز کی فراہمی۔
معاشی فوائد : مقامی معیشت کو فروغ دینا، روزگار کے مواقع پیدا کرنا اور سیاحت سے حاصل ہونے والے فوائد کو بہتر طور پر استعمال کرنا۔
- ریسرچ اور پلاننگ : سیاحت کے شعبے میں تحقیق اور منصوبہ بندی کرنا تاکہ مستقبل میں بھی سیاحت کو فروغ دیا جا سکے۔
مقامی ثقافت کا فروغ ؛؛؛
PROMOTION OF LOCAL CULTURE OF ” GILGIT BALTISTAN ”
گلگت بلتستان کی ثقافت پاکستان میں ایک نمایاں مقام رکھتی ہے۔ یہ علاقہ اپنے خوبصورت مناظر، بلند و بالا پہاڑوں اور رنگ برنگی تہذیب و تمدن کے لئے مشہور ہے۔ گلگت بلتستان کی ثقافت مختلف روایات، رسومات، زبانوں، اور موسیقی کا مجموعہ ہے۔ یہاں کے لوگ مختلف قبائل اور ذاتوں سے تعلق رکھتے ہیں، جن میں شینا، بلتی، بروشسکی، اور وخی زبانیں بولی جاتی ہیں۔ مقامی لوگ اپنی بہترین مہمان نوازی، روایتی خوبصورت لباس اور دستکاری کے فن کے لئے مشہور ہیں۔
گلگت بلتستان کی موسیقی اور رقص بھی خاصے منفرد اور شاندار ہیں۔ یہاں کے لوگ خاص مواقع پر روایتی رقص کرتے ہیں، جیسے کہ “ڈمبل” اور “خُما”۔ یہاں کے روایتی آلات موسیقی میں “دول” اور “چترالی ستار” شامل ہیں۔ شادی بیاہ اور دیگر تقریبات میں مقامی موسیقی کی دھنیں سنائی دیتی ہیں جو کسی بھی علاقے سے تعلق رکھنے والوں کے دلوں کو گرما دیتی ہیں۔
کھانے پینے کی بات کریں تو گلگت بلتستان کا کھانا بھی مخصوص اور مزیدار ہے۔ ”مامٹو” ”چپشورو” ہریسہ” “چپشی” اور “گولگپا” جیسی ڈشز بہت مشہور ہیں۔ یہاں کے لوگ زیادہ تر تازہ اور قدرتی اجزاء کا استعمال کرتے ہیں جو صحت بخش اور مزیدار ہوتے ہیں۔
گلگت بلتستان کی ثقافت کا ایک اہم حصہ یہاں کے لوگ اور ان کی روایات ہیں۔ یہاں کے لوگ اپنی ثقافت اور تہذیب کو نہایت محبت سے سنبھال کر رکھتے ہیں اور اپنے مہمانوں کو اس سے متعارف کروانے میں فخر محسوس کرتے ہیں۔
کھیلوں، مقابلوں اور ثقافتی میلوں کا انعقاد ؛؛؛
Organization of sports, DIFFERENT competitions and cultural fairs
ثقافتی میلوں کا بڑے لیول پر انعقاد باہر سے آئے سیاحوں کو مقامی ثقافت کو قریب سے دکھانے کا بہترین ذریعہ ہے ؛ اور دوسری طرف وہاں پر لگائے گئے مقامی طور پر بنائے گئے کپڑے ، زیورات ، بیگ ، جیکٹ اور باقی تمام چیزوں تک لوگوں کی رسائی جہاں سیاحوں کا شوق بڑھائے گی وہیں اس سب کا فائدہ مقامی لوگوں کو بھی ڈائریکٹ پہنچے گا ، اس کے علاوہ کرکٹ، فٹ بال، سوئمنگ، گھڑ سواری، ریس، ہائکنگ، اسکینگ، بوٹنگ کیمپنگ اور فشنگ وغیرہ جیسے مشاغل کا محکمہ سیاحت گلگت بلتستان کی جانب سے قابل برداشت قیمتوں پر انعقاد لوگوں کی تفریح میں اضافے کے ساتھ ساتھ خود بھی کمانے کا بہترین ذریعہ ہو سکتا ہے ؛
سیاحتی اخلاقیات کا پاس رکھنا
Maintaining of Tourism Ethics in
( Gilgit Baltistan and all over the World )
فطرتی طور پر انسان جب بھی کسی علاقے میں کسی کام یا سیاحت کی غرض سے جاتا ہے تو اس کی کوشش ہوتی ہے کہ اس علاقے کے متعلق اور مقامی لوگوں کی تہذیب و تمدن، تاریخ، رہن سہن اور ثقافت کے متعلق جان سکے ـ بالکل ویسے ہی وہاں کے مقامی لوگ بھی باہر سے آئے انسان کے متعلق تجسس رکھتے ہیں ـ اور وہ جاننا چاہتے ہوتے ہیں کہ آپ کی روایات، زندگی گزارنے کے طور طریقے اور اخلاقیات کیا ہیں ـ اپنے متعلق کسی کو کچھ بتانے کا سب سے مؤثر طریقہ اپنے ” عمل اور کردار ” سے بتانا ہے اور سب سے غیر مؤثر طریقہ اپنے متعلق زبانی کلامی یہ بتانے کا ہے ـ کہ ہم اعلیٰ تعلعم یافتہ، صفائی پسند، اور بہترین معاشرتی روایات سے آرستہ لوگ ہیں ـ دراصل سب مسائل اسی جگہ سے شروع ہوتے ہیں ـ!ـ
سیاحتی اخلاقیات پر بات سے پہلے ہم مقامی لوگوں کی اخلاقیات پہ روشنی ڈال لیتے ہیں ـ
مقامی لوگ ـ
گلگت بلتستان کے لوگ جہاں قدرتی انسانی خوبصورتی سے مالامال ہیں ـ وہیں یہ لوگ بے انتہا خوش اخلاقی، مہمان نوازی، محنتی، صفائی پسندے اور غیرت مندی کے عناصر سے بھرپور ہیں ـ اور ان کی یہ صفات مقامی لوگوں کے ساتھ ساتھ باہر سے آئے لوگوں کیلئے بھی یکساں میسر ہوتی ہیں ـ جہاں تک ممکن ہو سکے وہ سب کا خیال رکھتے ہیں ـ لیکن بدلے میں ہم انہیں کیا دے کر آتے ہیں ذرا اس موضوع پر بھی بات ہو جائے ـ!ـ
نیچے دئیے گئے پوائنٹس کو غور سے پڑھیں اور اپنے خیالات سے بھی ضرور آگاہ کریں کہ بطور مہمان یہ سب کام کرنا کسی کہ زیب دیتا ہے ـ اور یہ سب میرے ذاتی خیالات نہیں بلکہ گلگت بلتستان کے مقامی لوگوں کی دبی آواز میں شکایات ہیں ـ!ـ
صفائی ستھرائی کا خیال نہ رکھنا ـ!ـ
جہاں مقامی لوگ صفائی ستھرائی کا نمونہ ہیں وہیں سیاح جب کسی مقام کی سیر کر کے وہاں سے چلے جاتے ہیں تو وہ سیاحتی مقام سیاحوں کی پھیلائی گندگی کی وجہ سے ان کی بدنظمی، ذہنی پستی اور حکومتی نااہلی پہ روتا ہوا نظر آتا ہے ـ کیونکہ وہاں صرف خالی بوتلیں، شاپر بیگ، سگریٹ اور کچرہ ہی نظر آتا ہے
قدرتی ماحول کو نقصان پہنچانا ـ!ـ
مقامی لوگوں کیلئے سیاحوں کا ایک تحفہ یہ بھی ہے کہ وال چاکنگ کرنا، کھلی جگہوں پہ واش روم کر دینا، جنگلی حیات کہ نقصان پہنچانا، درختوں کی ٹہنیوں اور پھولوں کو توڑنا، جھیلوں اور دریا کنارے پڑے پتھروں کو پانی میں پھینک دینا اور بے شمار اس قسم کی حرکات کرنا کہ جس سے قدرتی ماحول کا بے پناہ نقصان ہو رہا ہے ـ!ـ
بغیر اجازت گھروں اور باغات میں جانا ـ!ـ
سیاحوں کو یہ بات اچھے طریقے سے جان لینی چاہئے کہ سیاحتی مقامات اور رہائشی علاقوں میں فرق ہوتا ہے لہٰذا رہائشی جگہوں پہ بغیر ضرورت اور بلا اجازت ہرگز نہ جائیں تا کہ چادر اور چاردیواری کا تقدس پامال نا ہو ـ اور اسی طرح مقامی باغات میں بغیر اجازت کے داخل ہو جانا، وہاں سے پھل کھانا اور وہ بھی ٹہنیوں سمیت توڑ کر، بالکل غیر اخلاقی حرکت ہے ـ یہ ان کی پوری سال کی محنت کی کمائی ہوتی ہے ـ آپ گلگت بلتستان کے علاوہ پاکستان کے کسی بھی حصے یا دنیا کے کسی دوسرے ملک میں جا کر اس حرکت کو دہرا کر دیکھیں اور پھر اس عمل کے سخت ردعمل کا مظاہرہ کر کے جائیں گے ـ مقامی لوگوں کے صبر کا اس حد تک امتحان لینا کسی طور ٹھیک نہیں ـ لہٰذا خود بھی اجتناب کریں اور کسی کو ایسی گھٹیا حرکت کرتے ہوئے دیکھیں تو اپنا فرض سمجھ کر ممکنہ حد تک اس کو منع کرنے کی کوشش کریں ـ!ـ
مقامی لوگوں کی روائتی مہمان نوازی ـ!ـ
مہمان نوازی گلگت بلتستان کے لوگوں کا زیور ہے اسی وجہ سے وہ سیاحوں سے بالخصوص غیر ملکی سیاحوں سے کسی بھی چیز کی قیمت لینے سے منع کر دیتے ہیں لیکن سوچا جائے تو اس مقامی شخص نے بھی اپنے خاندان یا کنبے کی کفالت کرنی ہوتی ہے ـ ان کے ایک بار منع کرنے پر پیچھے ہٹ جانا کسی طور مناسب نہیں ـ اپنی طرف سے سو فیصد کوشش کریں کہ ان کو سامان کے پیسے دیں ـ
اپنے پاس بیگ میں مختلف قسم کے تحائف ضرور رکھیں تا کہ اگر کسی جگہ آپ کو ایسا محسوس ہو کہ پیسے دینے پہ زیادہ زور دینے سے مقامی شخص کے جذبات متاثر ہو سکتے ہیں تو آپ اس شخص کو اپنی طرف سے کوئی تحفہ دے دیں ـ!ـ
درخواست برائے تمام ناظرین
آخر میں اتنا کہنا چاہوں گا کہ انسان غلطیوں کا پتلہ ہے میں نے بھی اس بلاگ میں بہت سی غلطیاں کی ہوں گی ؛ بہت سے مسائل میں نے بیان ہی نہیں کئے ہوں گے شائد ؛ اور کچھ مسائل کا حل بھی غلط بتایا ہوگا یا اس سے بھی بہتر حل ہو سکتا ہوگا ؛ تو ایک بار پھر آپ سب سے درخواست ہے کہ آپ ضرور اپنے علم اور تجربے کی بنیاد پہ ضرور رہنمائی فرمائیے گا ؛ اور اپنے خیالات سے بھی ضرور آگاہ کیجئیے گا کہ آپ کو میری یہ پاکستان کو خوشحال بنانے کیلئے عوام کے خیالات حکومتِ پاکستان تک پہنچانے کی کوشش کیسی لگی ؛ جزاک اللہ خیراَ
awesommmmmnme
Absolutely agreed with this effort.
Wow amazing Berif about the hospitality of people of baltistan.Pakistan is the heaven on the earth.
Excellent work
Amazing knowledge and effort Keep it up.
Mashallah zabrdast good work taimoor
Bohat acha daikhaya or btaya thankx esi trha maloomat KPK K Amazing points K bare main Bhi 1 mukamal Vlog bnain …
Bohat he umdah tarikay say Gilgit Ki khoobsoorti aur is k masail per baat Ki jitni Tareef Ki jaaye kam hay wahan k makeeno k baaray main un rehen sehen k baraay main bohat achay tarikay say baat Ki bataya mujy bazaate khud bohat acha Laga Yeh blog Allah Pak aapko mzeed kamyaab karay aameen
Outclass
Amazing effort
Amazing effort keep it up boy…